آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے، جو حکومت کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی کے بعد غیر معینہ مدت کے لیے شروع کی گئی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی حمایت کر دی ہے۔ اس کی تصدیق وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے کی ہے۔
نعمان علی بٹ نے کہا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کا موقف درست ہے اور یہ عوام کی آواز ہے۔ انہوں نے تیل کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کو مسترد کر دیا ہے۔
وفاقی حکومت سے مذاکرات ناکام ہونے پر گڈز ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال شروع کر دی ہے۔ یہ ہڑتال غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی۔
صدر گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ جمعے کو ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ رہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ حکومتیں سنجیدہ نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق یہ ہڑتال ہفتہ 8 اگست سے شروع ہوئی ہے اور غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی۔













