این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں سیلابی الرٹ جاری کیا، شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا امکان۔ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 31 جولائی سے 2 اگست تک سیلابی الرٹ جاری کیا ہے۔ ملک بھر میں دریاؤں کے بہاؤ میں اضافے اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں گڈو کے مقام پر درمیانے درجے جبکہ کالاباغ، چشمہ اور سکھر کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر درمیانے سے بلند بہاؤ کا امکان ہے۔
دریائے جہلم، راوی، کابل اور ان کے ملحقہ ندی نالوں میں نچلے سے درمیانے درجے کے بہاؤ کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی اچانک سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں شہری سیلاب کے خطرے کی وارننگ دی ہے۔ ان علاقوں میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ این ڈی ایم اے نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سفر کے دوران ضروری سامان ساتھ رکھنے اور ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کے استعمال پر زور دیا گیا ہے۔













