وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے محسن نقوی کی تجویز کو گھسی پٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے لوگ اسے قبول نہیں کریں گے۔
بھٹ شاہ: (رائیٹ ناؤنیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ محسن نقوی کی تجویز گھسی پٹی ہے اور سندھ کے لوگ اسے قبول نہیں کریں گے۔ مراد علی شاہ نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ محسن نقوی کا بیان سن کر وہ حیرت زدہ ہیں، انہیں نہیں معلوم کہ ان کا اشارہ کس طرف ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کی حکومت مسلم لیگ نواز کے پاس ہے، جبکہ بلوچستان میں کولیشن حکومت، سندھ میں پیپلزپارٹی اور کے پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک اس نظام کو ری سیٹ نہیں کریں گے، مسائل حل نہیں ہوں گے۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ اگر محسن نقوی سمجھتے ہیں کہ نظام نیچے چلا گیا ہے تو وہ نئی تجویز دیں، لیکن ان کی موجودہ تجویز کو سندھ کے لوگ قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ صوفیوں کی دھرتی ہے اور یہاں کے لوگ اپنی شناخت پر فخر کرتے ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور انہیں کبھی بھی کمتر نہیں سمجھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں نے آگے بڑھ کر ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے اور وہ ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ ملکی ترقی کے لئے نئے انتظامی یونٹوں کا قیام ناگزیر ہے اور موجودہ سسٹم تباہ ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق نئے یونٹ یا صوبے ہی مسائل کا حل ہیں۔













