پاکستان ریلوے میں جعلی بجلی بلوں کے ذریعے 11 کروڑ روپے کا سکینڈل بے نقاب

پاکستان ریلوے میں 11 کروڑ کے جعلی بجلی بلوں کا انکشاف، سخت محکمانہ کارروائی کی سفارش۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان ریلوے میں 11 کروڑ روپے سے زائد کے جعلی بجلی بلوں کا انکشاف ہوا ہے، جس میں رہائشی کوارٹرز کی جعلی الاٹمنٹ کے بعد ادائیگیاں کی گئیں۔

ریلوے ویجی لینس ڈائریکٹوریٹ کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق 2023 میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے ریلوے کی تین رہائشی کالونیوں کے لیے بلاجواز اور اضافی بجلی بل جاری کیے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ لیسکو نے ہر کوارٹر میں علیحدہ میٹر نصب کرنے کے باوجود مجموعی بل ریلوے انتظامیہ کو بھیجے جن میں اضافی چارجز شامل تھے، جس سے 11 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم فراڈ کے ذریعے حاصل کی گئی۔

تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ ریلوے ورکشاپ ڈویژن کے الیکٹریکل شعبے نے لیسکو کو بغیر جانچ پڑتال کے ادائیگیاں کیں، جس سے محکمے کو بھاری مالی نقصان پہنچا۔

ویجی لینس ڈائریکٹوریٹ نے ذمہ دار افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی سفارش کی ہے اور آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے روٹیشن پالیسی کے نفاذ کی تاکید کی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں