بھارتی وزیر تعلیم دھرمندر پردھان نے طلبا کے احتجاج کے بعد استعفیٰ دے دیا ہے، جبکہ کاکروچ جنتا پارٹی نے کینڈل مارچ کا اعلان کیا ہے۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناؤ نیوز) بھارتی وزیر تعلیم دھرمندر پردھان نے طلبا کے احتجاج کے بعد استعفیٰ دے دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم نریندر مودی کو بھیجا، جسے قبول کرلیا گیا ہے۔
کاکروچ جنتا پارٹی نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ طلبا کی طاقت زندہ باد، وزیر تعلیم پردھان مستعفی ہوگئے۔ طلبا 5 جون سے دلی کے جنتر منتر پر دھرنا دیئے بیٹھے تھے۔ پارٹی نے پرچہ آؤٹ ہونے پر وزیر تعلیم کا استعفیٰ مانگا تھا۔
کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج ختم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا گیا کہ حکومت کو مزید دو مطالبات پورے کرنے ہوں گے۔ 20 جولائی کو مظاہرین پر کریک ڈاؤن میں ملوث پولیس افسران کے خلاف کارروائی کی جائے اور دھرمندر پردھان کو کوئی نئی وزارت نہ دی جائے۔
بھارتی وزیر تعلیم کے استعفے کے بعد دلی میں جشن کا سماں ہے۔ طلبا کی جانب سے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا جارہا ہے کہ یہ جمہوریت کی فتح ہے۔ سماجی کارکن سونم وانگچک نے طلبا کو مبارکباد دی۔
یاد رہے کہ کاکروچ جنتا پارٹی نے ملک بھر میں کینڈل مارچ کا اعلان کیا ہے اور طلبا کے احتجاج میں متعدد بھارتی اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔














