وکرانت میسی نے خوداعتمادی کی کمی کے باعث دیپیکا پاڈوکون کے ساتھ فلم ‘چھپاک’ میں کام کرنے سے ہچکچانے کی وجہ بتائی۔
ممبئی: (رائیٹ ناؤ نیوز) بھارتی اداکار وکرانت میسی نے دیپیکا پاڈوکون کے ساتھ فلم ‘چھپاک’ میں کام کرنے سے ہچکچانے کی وجہ بتا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں لگتا تھا کہ ان کی جوڑی دیپیکا کے ساتھ اسکرین پر اچھی نہیں لگے گی۔
وکرانت میسی نے انٹرویو میں بتایا کہ انہیں خوداعتمادی کی کمی کا سامنا تھا اور دیپیکا پاڈوکون کے بڑے اسٹار ہونے کے باعث وہ ہچکچا رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان دونوں کا قد ایک جیسا ہے، جس کی وجہ سے وہ مطمئن نہیں تھے۔
اداکار نے مزید کہا کہ انہوں نے فلم چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا تھا لیکن ڈائریکٹر میگھنا گلزار نے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ میگھنا نے یقین دلایا کہ ان کی جوڑی بہترین نظر آئے گی۔
وکرانت نے بتایا کہ میگھنا گلزار سمیت کئی ہدایتکاروں نے ان پر اعتماد کیا، جس نے ان کی خوداعتمادی میں اضافہ کیا۔ انہوں نے مشکل کردار ادا کرنے کی ہمت دی۔
یاد رہے کہ وکرانت میسی نے فلم ‘چھپاک’ میں امول نامی سماجی کارکن کا کردار ادا کیا تھا۔ ان کی اداکاری اور دیپیکا کے ساتھ کیمسٹری کو ناقدین نے سراہا۔















