وفاقی حکومت نے 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد ملکی ضروریات پوری کرنا اور مارکیٹ میں استحکام لانا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وفاقی حکومت نے ملک میں گندم کی ضرورت پوری کرنے اور مارکیٹ کو مستحکم رکھنے کے خاطر 10 لاکھ ٹن گندم فوری درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے مطابق درآمد کی جانے والی گندم سے ملکی ضروریات کو پورا کیا جائے گا اور مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھا جائے گا۔
حکام نے بتایا کہ پاسکو کے پاس موجود گندم سے صوبوں کی ضروریات بھی پوری کی جائیں گی تاکہ ملک بھر میں گندم کی فراہمی بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے۔
یہ اقدام عوام کو معیاری اور سستی گندم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے، جس سے عوامی مشکلات میں کمی آئے گی۔
یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے پہلے بھی گندم کی درآمد کے ذریعے ملکی ضروریات پوری کی جاتی رہی ہیں، تاکہ مارکیٹ میں استحکام برقرار رہے۔














