پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیم 7 اسپیشلسٹ بیٹرز کے ساتھ میدان میں اترنے کی تیاری کر رہی ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناؤ نیوز) قومی کرکٹ ٹیم نے دورہ ویسٹ انڈیز کے پہلے ٹیسٹ کے لیے 7 اسپیشلسٹ بیٹرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ نے پلیئنگ الیون پر ابتدائی مشاورت شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اذان اویس، امام الحق، شان مسعود، بابر اعظم اور محمد رضوان پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے۔ سلمان علی آغا بھی ٹیم میں شامل ہوں گے اور پانچویں بولر کے طور پر استعمال کیے جائیں گے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ عامر جمال اور محمد عباس بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے۔ لیفٹ آرم اسپیشلسٹ اسپنر علی عثمان کے ٹیسٹ ڈیبیو کا امکان ہے۔ خرم شہزاد اور محمد علی میں سے ایک فاسٹ بولر کو چنا جائے گا۔
ٹیم مینجمنٹ نے بولرز کو اپنی بیٹنگ پر بھی توجہ دینے کی ہدایت دی ہے۔ پلیئنگ الیون کو حتمی شکل دینے سے قبل کھلاڑیوں کی فِٹنس کا جائزہ لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ برائن لارا کرکٹ اکیڈمی ٹرینیڈاڈ میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ کل سے شروع ہوگا۔ پچ کو ہری گھاس کے بجائے بھوری گھاس سے ڈھانپا گیا ہے۔















