پاکستان نے جولائی میں مہنگا ترین ایل این جی کارگو خریدا، جس سے بجلی کی پیداواری لاگت متاثر ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاکستان نے جولائی کے لیے اب تک کا مہنگا ترین ایل این جی سپاٹ کارگو خریدا ہے۔ پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کے بورڈ نے 21.88 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی واحد بولی کو منظور کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ کارگو 27 اور 28 جولائی کے دوران پاکستان پہنچے گا۔ ٹوٹل انرجیز گیس اینڈ پاور نے اس کارگو کے لیے واحد بولی جمع کرائی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ایل ایل کو اس ٹینڈر میں صرف ایک ہی بولی موصول ہوئی۔ پاکستان اس سے قبل جولائی کے لیے چار ایل این جی کارگوز خرید چکا ہے جن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
دستاویزات کے مطابق 30 جون سے 4 جولائی تک کے کارگو کی قیمت 16.73 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تھی۔ بعد کے کارگوز کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ ہوتا رہا ہے۔
واضح رہے کہ عالمی منڈی میں ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ پاکستان کے درآمدی اخراجات بڑھا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق ان مہنگی درآمدات سے بجلی کی لاگت پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔















