آج کی اہم ملاقات میں مطالبات ماننے کی صورت میں پیٹرول پمپ بندش کا خطرہ ٹل جائے گا، ورنہ احتجاج ہوگا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے نائب صدر انعام الحق چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ اگر انکے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر کے پیٹرول پمپ بند کردیے جائیں گے۔
انعام الحق چوہدری نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ہمایوں خان نے پٹرول پمپ مالکان کو وفاقی دارالحکومت پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج 4 بجے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے ملاقات ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پٹرول ڈیلرز کے مارجن میں اضافہ ناگزیر ہے اور موجودہ مارجن پر معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کے نظام کو بہتر بنانا ہوگا۔
چوہدری نے کہا کہ اگر آج کی ملاقات نتیجہ خیز نہ ہوئی تو ملک بھر میں پیٹرول پمپ بند کردیے جائیں گے۔ ملاقات کے بعد ایک اہم پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان ہوگا۔
یاد رہے کہ آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے پہلے بھی حکومت سے مارجن میں اضافے کا مطالبہ کیا تھا اور ان کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کا تعین قابل قبول نہیں ہے۔












