فخر زمان نے اپنی کرکٹ اکیڈمی الخدمت فاؤنڈیشن کے سپرد کر دی، نوجوانوں کی تربیت میں اہم قدم۔
لاہور: (رائیٹ ناؤنیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے اپنی کرکٹ اکیڈمی الخدمت فاؤنڈیشن کے سپرد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کا مقصد نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں اور کھیلوں کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔
فخر زمان نے الخدمت فاؤنڈیشن کے ہیڈ آفس لاہور کا دورہ کیا جہاں ان کا استقبال پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن اور دیگر قیادت نے کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے اسپورٹس کمپلیکس کا بھی معائنہ کیا۔
فخر زمان نے اعلان کیا کہ ان کی کرکٹ اکیڈمی اب الخدمت فخر زمان کرکٹ اکیڈمی کے نام سے کام کرے گی۔ الخدمت کے تعاون سے دیگر شہروں میں بھی اکیڈمیز قائم کی جائیں گی۔
اس اقدام سے نوجوانوں کی کردار سازی اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی تربیت میں مدد ملے گی۔ فخر زمان نے الخدمت کی فلاحی خدمات کو سراہا اور یتیم بچوں کی کفالت کے پروگرام کی تعریف کی۔
واضح رہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انجینئر حماد رشید نے کہا کہ ملک بھر میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔















