ساہیوال اور سکھر ڈویژن میں مال گاڑیوں کی ڈی ریلمنٹ کے باعث آٹھ مسافر ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
لاہور: (رائیٹ ناؤنیوز) ساہیوال اور سکھر ڈویژن میں مال گاڑیوں کی ڈی ریلمنٹ کے باعث آٹھ مسافر ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں۔ پاکستان ریلوے بروقت مین لائن کلیئر نہ کر سکا، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان ریلوے کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو مختلف مقامات پر مال گاڑیوں کی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ لاہور، فیصل آباد سے کراچی اور کوئٹہ جانے والی مین لائن پر ریلوے ٹریفک معطل رہی۔
قراقرم ایکسپریس، پاک بزنس ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، ملت ایکسپریس سمیت آٹھ ٹرینوں کی روانگی منسوخ کر دی گئی۔ مارگلہ سے کراچی جانے والی گرین لائن ایکسپریس کی بھی روانگی متاثر ہوئی۔
ریلوے حکام نے متاثرہ مسافروں کو ٹکٹوں کی مکمل رقم کی واپسی کی پیشکش کی ہے۔ لاہور ریزرویشن آفس سے رقم واپس حاصل کی جا سکتی ہے۔ پیسنجر فیسیلیٹیشن عملہ اسٹیشنوں پر موجود رہے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ شام مال گاڑی کے پٹڑی سے اترنے کے باعث ریلوے ٹریفک معطل ہوگئی تھی۔ بحالی کے بعد اپ اور ڈاؤن ٹریک ٹرینوں کی آمد و رفت کے لیے کلیئر کر دیے گئے ہیں۔















