جج کے بیٹے کی گاڑی کی ٹکر سے دو بچیاں ہلاک، ملزم عدالت میں پیش
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محمد آصف کے 16 سالہ بیٹے ابو ذر کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والی دو بچیوں کا کیس آج ایک اہم مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔ ملزم کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر اسے دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق حادثہ گزشتہ ہفتے پی ٹی وی چوک کے قریب پیش آیا تھا، جہاں سکوٹی پر سفر کرتی دو بچیاں ملزم کی گاڑی کی ٹکر لگنے سے موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئی تھیں۔ واقعے کے بعد تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کیا گیا اور پولیس نے ملزم ابو ذر کو حراست میں لے کر اگلے روز عدالت میں پیش کیا، جہاں سے اس کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور ہوا تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق گاڑی کی ٹکر تیزرفتاری کے باعث پیش آئی، تاہم حادثے کی اصل وجوہات کے تعین کے لیے مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ آج کی عدالت پیشی میں پولیس جانب سے ریمانڈ میں توسیع کی درخواست دیے جانے کا امکان ہے۔















