غزہ میں اسرائیل نواز فلسطینی ملیشیا کے رہنما یاسر ابو الشباب قتل، حماس نے قتل میں ملوث ہونے کا دعویٰ نہیں کیا۔
غزہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) غزہ میں اسرائیل نواز فلسطینی ملیشیا کے معروف رہنما یاسر ابو الشباب کو قتل کر دیا گیا ہے۔ ابو الشباب پاپولر فورسز گروپ کے سربراہ تھے، جو رفح کے قریب اسرائیلی کنٹرول والے علاقے میں سرگرم تھا۔
پاپولر فورسز نے بیان میں کہا کہ ابو الشباب کو ابو سنیما خاندان کے افراد کے درمیان تنازع کے دوران گولی ماری گئی۔ ملیشیا نے حماس پر قتل کا الزام عائد کرنے کی خبروں کو گمراہ کن قرار دیا ہے، جبکہ ابو الشباب کے قبیلے نے ان کے قتل کو فلسطینی عوام سے غداری کا نتیجہ قرار دیا۔
حماس نے کہا کہ ابو الشباب کا انجام ان لوگوں کی ناگزیر تقدیر ہے جو اپنے وطن سے غداری کرتے ہیں، تاہم حماس نے قتل میں ملوث ہونے کا دعویٰ نہیں کیا۔ اسرائیلی آرمی ریڈیو کے مطابق ابو الشباب کو زخمی حالت میں سوروکا ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوئے۔
پاپولر فورسز نے عہد کیا کہ وہ ابو الشباب کے راستے پر چلتے رہیں گے جب تک غزہ کی سرزمین سے آخری دہشت گرد ختم نہ ہو جائے اور امن پر یقین رکھنے والے عوام کے لیے روشن مستقبل تعمیر نہ ہو جائے۔















