مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکی و اسرائیلی حملوں پر قانونی کارروائی کا اعلان کیا، ان حملوں میں ہزاروں افراد جاں بحق ہوئے۔
تہران: (رائیٹ ناؤ نیوز) ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی رہنماؤں کے قتل پر عالمی عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نومولود سے لے کر بزرگوں تک کو شہید کیا گیا، اور ہمیں ان کیسز کو علاقائی اور عالمی عدالتوں میں لے جانا ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر عدالتی حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی اور اسرائیلی رہنماؤں نے جرائم کا اعتراف کیا ہے۔ یہ بیانات قانونی کارروائی کے لیے اہم شواہد کی حیثیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے عدلیہ کو ہدایت کی کہ گزشتہ سال سے ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے نقصانات کے ازالے کے لیے مؤثر قانونی اقدامات کیے جائیں۔ خامنہ ای نے کہا کہ یہ بیانات مجرمانہ ذمے داری کے اعتراف کے مترادف ہیں۔
واضح رہے کہ جون 2025 اور فروری 2026 میں ایران پر حملوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی بنیاد پر ہزاروں قانونی مقدمات قائم کیے جا سکتے ہیں۔ ان حملوں میں بچوں، طبی مراکز اور عوامی خدمات کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ انصاف کا حصول اور جنگ و بدعنوانی کا خاتمہ محنت طلب عمل ہے، جس کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا درست استعمال اور عوامی حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔














