ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے مطابق آبنائے ہرمز آئندہ 30 روز تک ایران کی نگرانی میں رہے گی، جس سے خطے میں کشیدگی بڑھنے کا امکان ہے۔
تہران: (رائیٹ ناؤ نیوز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز آئندہ 30 روز تک مکمل طور پر ایران کی نگرانی میں رہے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکی حملے آبنائے ہرمز کی بحالی میں رکاوٹ ہیں۔
عباس عراقچی نے بغداد میں عراقی ہم منصب کے ساتھ نیوز کانفرنس میں کہا کہ خلیج میں بحری آمدورفت کی بحالی میں کسی بھی دوسرے فریق کی مداخلت معاملات کو پیچیدہ کرے گی۔ ان کے مطابق یہ جنگ پورے خطے کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ خطے کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام ممالک کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے اسرائیل کے لبنان سے انخلا کو امریکا کے ساتھ عبوری معاہدے کا حصہ قرار دیا ہے۔
عراقی حکومت نے ایران پر حملوں کی مذمت کی ہے، جس پر ایرانی وزیر خارجہ نے شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عراق کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین نے ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش نے عراق کی مالی اور معاشی صورتحال کو متاثر کیا ہے۔















