امریکی تحقیقاتی اداروں نے الزام عائد کیا کہ بھارت نے ایئر انڈیا حادثے کی تحقیقات میں تعاون نہیں کیا اور شواہد تک رسائی نہیں دی۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی تحقیقاتی اداروں نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارت نے ایئر انڈیا کے احمد آباد طیارہ حادثے کی تحقیقات میں تعاون نہیں کیا اور کئی اہم شواہد تک رسائی دینے سے انکار کیا ہے۔ 12 جون 2025 کے حادثے میں 260 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
امریکی صحافی اور سابق سی آئی اے اہلکار سارہ ایڈمز کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ حادثہ پائلٹ کی ممکنہ لاپرواہی کے باعث پیش آیا، تاہم بھارتی حکام بلیک باکس ڈیٹا تک مکمل رسائی دینے سے گریزاں ہیں۔ ایڈمز نے کہا کہ اگر حادثے کی وجہ پائلٹ کی غلطی تھی تو بلیک باکس ڈیٹا چھپانا سیکیورٹی کے خدشات کو جنم دیتا ہے۔
امریکی جریدے دی ٹیلی گراف نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی ایرو اسپیس ماہرین کے مطابق طیارے کی تباہی میں انسانی مداخلت کا امکان موجود ہے۔ رپورٹ کے مطابق بلیک باکس ڈیٹا میں یہ ظاہر ہوا کہ کاک پٹ میں موجود کسی فرد نے انجن کا فیول سپلائی سسٹم خود بند کیا تھا۔
رپورٹ مزید بتاتی ہے کہ امریکی تفتیشی ٹیم کو حادثے کے ملبے کی تصاویر لینے سے روکا گیا اور کچھ شواہد ان کے پہنچنے سے پہلے ہی غائب کر دیے گئے۔ علاوہ ازیں بھارتی حکام نے ماہرین کو کاک پٹ وائس ریکارڈر اور فلائٹ ڈیٹا کے مکمل تجزیے تک رسائی نہیں دی۔
امریکی اداروں کا کہنا ہے کہ بھارتی عدالتوں اور تفتیشی نظام کی شفافیت پر اعتماد نہ کیے جانے سے تحقیقات مزید مشکوک ہوگئی ہیں، اور حادثے کی اصل وجوہات کے تعین کے لیے بین الاقوامی سطح پر مزید شفافیت ضروری ہے۔















