سلمان خان کی نئی تصاویر وائرل، ممکنہ فلمی پروجیکٹ پر قیاس آرائیاں

سلمان خان کی نئی تصاویر کے ساتھ ان کا جملہ مداحوں میں بحث کا موضوع بن گیا، ممکنہ فلمی پروجیکٹ کی قیاس آرائیاں جاری ہیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

ممبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی دو نئی شرٹ لیس تصاویر شیئر کر کے مداحوں کو حیران کر دیا، جو چند لمحوں میں وائرل ہو گئیں۔ سلمان خان نے تصاویر کے ساتھ لکھا کہ کچھ حاصل کرنے کے لیے کچھ چھوڑنا پڑتا ہے، جس نے مداحوں کے درمیان بحث چھیڑ دی۔

کچھ مداحوں نے اس جملے کو سلمان کے فٹنس فلسفے سے جوڑا، جبکہ دیگر کا خیال ہے کہ یہ ان کے نئے فلمی پروجیکٹ کا اشارہ ہو سکتا ہے۔ تصاویر میں سلمان خان دھوپ میں پسینے سے چمکتے بدن کے ساتھ کھڑے ہیں، جو ان کی انتھک محنت اور نظم و ضبط کا ثبوت ہیں۔

بھارتی میڈیا میں خبریں گردش کر رہی ہیں کہ سلمان خان اور ہدایت کار کبیر خان مشہور فلم ‘بجرنگی بھائی جان’ کے سیکوئل پر کام کرنے والے ہیں۔ 2015 کی اس فلم نے عالمی سطح پر کامیابی حاصل کی تھی اور اگر یہ جوڑی دوبارہ بنتی ہے تو یہ بالی ووڈ کا بڑا کم بیک سمجھا جا سکتا ہے۔

مداح بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں کہ سلمان خان اپنی اگلی فلم یا ‘بجرنگی بھائی جان 2’ کے حوالے سے باضابطہ اعلان کب کرتے ہیں، اور ان کی وائرل تصاویر شاید اسی بڑی خبر کا پیش خیمہ ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں