بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے نے پروفیشنلز اینڈ اسٹوڈنٹس فورم 2026 منعقد کیا، سٹیم شعبوں میں تعاون پر زور دیا۔
بیجنگ: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاکستانی سفارتخانے نے تیسرا پاکستان پروفیشنلز اینڈ اسٹوڈنٹس فورم 2026 منعقد کیا۔ فورم کا موضوع “سٹیم کنیکٹ: جدت، رہنمائی اور تعاون” رکھا گیا۔
فورم میں چین بھر سے پاکستانی طلبا، محققین، اساتذہ اور پیشہ ور افراد نے شرکت کی۔ شرکا نے سائنسی اور تکنیکی شعبوں میں رابطوں اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
فورم میں سٹیم (STEM) سے متعلق 7 رہنمائی کلسٹرز شامل کیے گئے۔ ان میں برقی نظام، کیمیائی علوم، مصنوعی ذہانت، زراعت، ماحولیات، زمینی علوم اور توانائی شامل تھے۔
پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ سفارتخانہ پاکستانی طلبا اور پیشہ ور افراد کو جوڑنے کے لیے عملی پلیٹ فارمز بنا رہا ہے۔ یہ فورم انسانی وسائل، جدت اور پاکستان چین مہارت شراکت داری کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ سفارتخانہ مصنوعی ذہانت پر مبنی میچ میکنگ پلیٹ فارم تیار کر رہا ہے۔ اس پلیٹ فارم سے پاکستانی طلبا کو چینی سرکاری اور نجی اداروں سے جوڑا جائے گا۔















