وزارت مذہبی امور نے آن لائن نظام کے ذریعے ایک لاکھ پچاس ہزار عازمین حج کی رجسٹریشن مکمل کر لی۔ یہ اقدام ای گورننس میں بڑی پیشرفت ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزارت مذہبی امور نے نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ آن لائن حج پورٹل کے ذریعے ایک لاکھ پچاس ہزار عازمین حج کی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔ یہ کارنامہ صرف آٹھ دنوں میں انجام دیا گیا، جو ای گورننس کی بڑی کامیابی ہے۔
آن لائن حج پورٹل اور ‘پاک حج’ موبائل ایپ کے ذریعے عازمین کو گھر بیٹھے آسانی سے رجسٹریشن کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ اس نظام نے عوامی سطح پر شفافیت اور جدید حکمرانی کی مثال قائم کی ہے۔
حج واجبات کی وصولی کا عمل بھی ڈیجیٹیل ہونے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ عازمین حج جلد ہی اپنے حج واجبات آن لائن ادا کر سکیں گے۔ یہ منصوبہ اپنے آخری مراحل میں ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ نیا نظام سمندر پار پاکستانیوں کے لیے بھی بڑی سہولت ہے۔ وہ دنیا بھر سے اپنی حج رجسٹریشن اور واجبات کی ادائیگی باآسانی کر سکیں گے۔
یاد رہے کہ وزارت مذہبی امور نے آن لائن حج پورٹل اور ‘پاک حج’ ایپ میں نئے فیچرز متعارف کروائے ہیں، جو حج آپریشن کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور شفاف بنانے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔















