امریکا نے حزب اللّٰہ سے منسلک افراد پر پابندیاں عائد کر دیں، ان کے اثاثے منجمد ہوں گے۔ محمود قماطی پر ایران سے رقوم منتقل کرنے کا الزام ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناؤنیوز) امریکا نے لبنان کی تنظیم حزب اللّٰہ سے منسلک افراد اور کمپنیوں پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ ان پابندیوں کے تحت نامزد افراد کے اثاثے منجمد کر دیے جائیں گے۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ حزب اللّٰہ کے لئے فنڈز جمع کرنے والے افراد اور کمپنیوں پر یہ پابندیاں لگائی گئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حزب اللّٰہ کو غیر مسلح کرنا لبنان کے امن کے لیے ضروری ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ نے بتایا ہے کہ حزب اللّٰہ کی سیاسی کونسل کے نائب سربراہ محمود قماطی پر بھی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ محمود قماطی پر ایران سے رقوم منتقل کرنے کا الزام ہے۔
امریکا نے لبنانی سیاسی جماعت مارادا موومنٹ کے سربراہ سلیمان فرنجیہ پر بھی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ سلیمان فرنجیہ پر حزب اللّٰہ کے سیاسی اتحاد کی حمایت کا الزام ہے۔
یاد رہے کہ امریکا نے ایرانی تیل پر عائد پابندیاں ہٹانے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ رائٹرز کے مطابق یہ اقدام خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لئے کیا جا رہا ہے۔














