یورپ جنگ چاہتا ہے تو روس بھی تیار ہے۔پیوٹن

روسی صدر پیوٹن نے کہا کہ اگر یورپ جنگ چاہتا ہے تو روس بھی تیار ہے، جبکہ امریکی وفد سے ملاقات میں امن معاہدے پر بات چیت ہوئی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

ماسکو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے واضح کیا ہے کہ اگر یورپ جنگ کرنا چاہتا ہے تو روس بھی اس کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور صدر ٹرمپ کے داماد و مشیر جیراڈ کشنر سے ملاقات سے قبل میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان کا یورپ کے ساتھ جنگ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، لیکن اگر یورپ روس سے جنگ چاہتا ہے تو ہم بھی تیار ہیں۔

پیوٹن نے الزام عائد کیا کہ یورپ یوکرین امن مذاکرات کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور وہ یوکرین جنگ بندی سے متعلق امریکی امن منصوبے پر عمل درآمد نہیں دیکھنا چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی رہنما ماضی میں بھی مذاکرات سے الگ رہے اور اب ممکنہ معاہدے کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

امریکی وفد کی ماسکو میں روسی صدر سے تقریباً 5 گھنٹے طویل ملاقات ہوئی، جس دوران روس یوکرین جنگ بندی اور اس سے متعلق امریکی امن معاہدے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ روسی صدر کے خارجہ پالیسی کے مشیر یوری اوشاکوف نے بتایا کہ امریکی حکام سے حالیہ بات چیت میں کچھ نکات کو قبول کیا گیا جبکہ چند پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا، تاہم مجموعی طور پر مذاکرات مفید رہے۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ امن منصوبے کے مسودے میں کئی نکات ایسے ہیں جن پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں