دیامر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ، انتخابات سے قبل اسلحہ اور ڈرونز پر پابندی عائد۔
چلاس: (رائیٹ ناؤنیوز) گلگت بلتستان میں کل ہونے والے انتخابات کے پیش نظر دیامر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ محمد اویس نے امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدام کیا۔
دیامر میں ہر قسم کے اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ، اور ڈرونز پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس حکم کے تحت بغیر تحریری این او سی (NOC) کے ڈرون اڑانے پر سخت کارروائی ہو گی۔
یہ احکامات 60 دن تک نافذ رہیں گے۔ تاہم، پولیس اہلکار اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کو ان احکامات پر عمل درآمد کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انتخابی مہم مکمل ہو چکی ہے اور سیاسی جماعتیں حتمی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ دیامر کے شہریوں کو ووٹ ڈالنے کے لیے لانے کی کوششیں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ ضلع دیامر کے 4 حلقوں میں کل ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 58 ہزار 714 ہے۔ پنجاب پولیس کے 5 ہزار جوان بھی سیکیورٹی کے لیے پہنچ چکے ہیں۔














