پاکستان میں غیر معمولی بارشوں کی پیش گوئی کے باعث حکومت نے ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کی روزانہ میٹنگز شروع کر دی ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) پاکستان میں رواں مون سون سیزن کے دوران غیر معمولی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اجلاس میں وزراء کو بریفنگ دی گئی کہ اس سال مون سون سیزن میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور شہری سیلاب کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ایمرجنسی رسپانس کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر میٹنگ کر رہی ہے۔
وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے بتایا کہ بالائی خیبرپختونخوا اور شمالی علاقوں میں زیادہ بارشیں ہوں گی جبکہ میدانی علاقوں میں کم بارش ہوگی۔ دونوں صورتوں کے لئے حکمت عملی بنائی جا رہی ہے۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ارلی وارننگ سسٹم پر کام کیا۔ ارلی وارننگ اور مؤثر آگاہی سے نقصانات میں کمی ممکن ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ تباہ کن سیلابوں کے معیشت پر سنگین اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ مؤثر آگاہی موسمیاتی تبدیلی اور آبادی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے۔














