ایف بی آر نے خوردہ فروشوں کی فکسڈ اسکیم 2026 کے لیے جاری کردی، اہم شرائط میں کاروباری حجم کی حد 20 کروڑ روپے رکھی گئی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) ٹیکس سال 2026 کے لیے خوردہ فروشوں کی فکسڈ اسکیم کا خصوصی طریقہ کار جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ اسکیم ان افراد پر لاگو ہوتی ہے جو خوردہ دکانوں کے ذریعے آمدنی حاصل کرتے ہیں اور جن کا سالانہ ٹرن اوور 20 کروڑ روپے تک ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے خوردہ فروشوں کے لیے خصوصی شرائط طے کی ہیں۔ ایک سے زائد دکانوں کے مالکان، ٹئیر ون ریٹیلرز اور بعض پیشہ ور افراد اس اسکیم سے مستثنیٰ ہوں گے۔
ایف بی آر نے گزشتہ روز واضح کیا کہ 2025 کے ریٹرن فائلرز کے لیے بھی مخصوص شرائط مقرر کی گئی ہیں۔ اس اسکیم میں وہ افراد شامل نہیں ہوں گے جن کا کاروباری حجم گزشتہ 3 برسوں میں سے کسی ایک سال میں 20 کروڑ روپے سے تجاوز کر چکا ہو۔
یہ اسکیم خوردہ فروشوں کو ٹیکس کے پیچیدہ مراحل سے بچاتے ہوئے سہولت فراہم کرتی ہے۔ اس کا مقصد خوردہ فروشوں کو آسان ٹیکس ریجیم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ باقاعدہ طور پر ٹیکس نظام کا حصہ بن سکیں۔
واضح رہے کہ ایف بی آر وقتاً فوقتاً فکسڈ اسکیمیں جاری کرتا رہتا ہے تاکہ ٹیکس دہندگان کو آسانیاں فراہم کی جا سکیں اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہو سکے۔













