دسمبر 2025 میں فلکیات کے شوقین افراد کے لیے آسمانی مناظر

دسمبر 2025 فلکیات کے شوقین افراد کے لیے آسمانی مناظر سے بھرپور مہینہ ہوگا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) دسمبر 2025 فلکیات کے شوقین افراد کے لیے غیر معمولی آسمانی سرگرمیوں سے بھرپور مہینہ ثابت ہوگا۔ ماہرین کے مطابق بین النّظامی دم دار ستارہ 3I/ATLAS زمین کے قریب ترین فاصلے سے گزرے گا، جبکہ جمنائیڈ میٹیئر شاور اپنے عروج پر ہوگا اور چاند و مشتری کا حسین اقتران بھی نظر آئے گا۔

ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ 19 دسمبر کو دم دار ستارہ زمین سے تقریباً 274 ملین کلومیٹر دور ہوگا۔ اگرچہ یہ فاصلہ بہت زیادہ ہے، تاہم یہ سائنسی لحاظ سے اہم ہے کیونکہ یہ ہمارے نظامِ شمسی کا حصہ نہیں بلکہ سورج کے نظام سے باہر کا جسم ہے۔

7 دسمبر کو چاند اور مشتری کا نایاب ملاپ دیکھا جا سکے گا، جس میں دونوں آسمانی اجسام بظاہر ایک دوسرے کے بہت قریب نظر آئیں گے، یہ منظر بغیر دوربین کے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

سالانہ جمنائیڈ میٹیئر شاور 13 اور 14 دسمبر کی رات کو پوری شدت کے ساتھ نمودار ہوگا، جہاں ایک گھنٹے میں 120 تک ٹوٹتے تارے دیکھے جا سکتے ہیں۔ بہترین مشاہدے کے لیے شہری روشنیوں سے دور تاریک مقامات مثالی رہیں گے۔

ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ مشاہدے کے دوران گرم لباس اور کم شدت والی روشنی کا استعمال تجربے کو مزید بہتر بنا سکتا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں