اسلام آباد میں نامعلوم حملے میں اے ایس آئی شہید، وزیرداخلہ کا نوٹس، ملزمان کی گرفتاری کا حکم۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد کے سبزی منڈی کے قریب نامعلوم شخص کے حملے میں پولیس کے اے ایس آئی علی اکبر شہید ہو گئے۔ وزیرداخلہ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا۔
پولیس کے مطابق اے ایس آئی علی اکبر پیدل جا رہے تھے جب نامعلوم شخص نے اچانک خنجر سے ان پر حملہ کیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ شہید ہو گئے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس افسوسناک واقعے پر فوری نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے اور شہید اے ایس آئی کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہید اہلکار کے خاندان کے غم میں وہ برابر کے شریک ہیں اور انصاف کو یقینی بنایا جائے گا۔















