سرگودھا میں لاہور پولیس اہلکاروں کے خلاف اغوا اور بھتہ خوری کا مقدمہ درج، زبردستی گھر میں داخل ہو کر خاندان کو یرغمال بنانے کا الزام۔
سرگودھا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سرگودھا کے سلانوالی تھانے میں لاہور کے ماڈل ٹاؤن پولیس اہلکاروں کے خلاف اغوا اور بھتہ خوری کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ شہری کے گھر زبردستی داخل ہو کر خاندان کو یرغمال بنانے کا الزام ہے۔
شکایت گزار نور بی بی نے الزام لگایا کہ لاہور کے ماڈل ٹاؤن تھانے کے پولیس اہلکار چک 137-ایس بی میں ان کے گھر زبردستی داخل ہوئے اور ان کے بھائی محمد شیر کو اغوا کر لیا۔ اہلکاروں نے محمد شیر کے ہاتھ پاؤں باندھ کر اسے اغوا کیا۔
نور بی بی کے مطابق اہلکار گھر کی گاڑی بھی ساتھ لے گئے اور دھمکی دی کہ محمد شیر کو جعلی مقابلے میں مار دیا جائے گا۔ اہلکاروں نے 40 لاکھ روپے اور گاڑی اپنے نام منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔
خاندان نے محمد شیر کی جان بچانے کے لیے رقم اور گاڑی کے کاغذات اہلکاروں کے حوالے کر دیے، لیکن اہلکاروں نے اس کے باوجود محمد شیر کے خلاف جھوٹی ڈکیتی کا مقدمہ درج کر دیا۔
سلانوالی پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم لاہور پولیس کی جانب سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔















