ایشیائی ممالک کے فوجی اخراجات میں 8.1 فیصد اضافہ، 2009 کے بعد سب سے زیادہ۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ ایشیائی ممالک کے عسکری اخراجات میں 2009 کے بعد سب سے زیادہ سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سیپری) کے مطابق 2025 میں ایشیائی ممالک کے فوجی اخراجات 681 بلین ڈالر تک پہنچ گئے۔ یہ 2024 کے مقابلے میں 8.1 فیصد زیادہ ہے۔
2025 میں دنیا کے مجموعی فوجی اخراجات 2.887 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئے، جو کہ 2024 کے مقابلے میں 2.9 فیصد زیادہ ہے۔ امریکا، چین اور روس کے اخراجات عالمی سطح پر 51 فیصد ہیں۔
چین نے اپنے فوجی اخراجات میں 7.4 فیصد اضافہ کر کے 336 بلین ڈالر کیا، جبکہ بھارت کے اخراجات 8.9 فیصد بڑھ کر 92.1 بلین ڈالر ہو گئے۔ پاکستان نے بھی 11 فیصد اضافہ کر کے 11.9 بلین ڈالر کر دیے ہیں۔
جاپان کے فوجی اخراجات 9.7 فیصد اضافے کے ساتھ 62.2 بلین ڈالر تک پہنچ گئے جو کہ اس کی جی ڈی پی کے 1.4 فیصد کے برابر ہے۔ تائیوان کے اخراجات 14 فیصد بڑھ کر 18.2 بلین ڈالر ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ایشیا میں عسکری اخراجات میں اضافہ علاقائی کشیدگی اور امریکی حمایت میں غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے بڑھ رہا ہے۔ آسٹریلیا، جاپان اور فلپائن بھی اپنی عسکری قوت میں اضافہ کر رہے ہیں۔













