صدر آصف علی زرداری چین کے دورے پر روانہ، تجارت اور سی پیک پر بات چیت ہوگی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ صدر آصف علی زرداری آج چین کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ یہ دورہ چینی حکومت کی دعوت پر ہو رہا ہے اور یکم مئی تک جاری رہے گا۔
صدر مملکت 25 سے 27 اپریل تک صوبہ ہونان کے شہر چانگشا کا دورہ کریں گے۔ اس کے بعد 28 اپریل سے یکم مئی تک صوبہ ہینان کے شہر سانیا میں قیام کریں گے۔
دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ دورے کے دوران اقتصادی اور تجارتی تعاون پر بات چیت ہوگی۔ سی پیک (CPEC) پر بھی توجہ مرکوز رہے گی۔
اس سال پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی پچہتر ویں سالگرہ ہے۔ صدر مملکت کا یہ دورہ دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دے گا۔
یاد رہے کہ پاک چین تعلقات ہمیشہ سے اہمیت کے حامل رہے ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔












