ایران نے اعلان کیا ہے کہ اگر امریکا آبنائے ہرمز پر ناکہ بندی ختم کر دے تو وہ مذاکرات کے اگلے مرحلے کے لیے تیار ہے۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ اگر امریکا آبنائے ہرمز پر ناکہ بندی ختم کر دے تو وہ مذاکرات کے اگلے مرحلے کے لیے تیار ہے۔ اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ امریکا کو جنگ بندی کی خلاف ورزی روکنا ہوگی۔
ایروانی نے ایرانی میڈیا کو بتایا کہ ممکنہ مذاکرات اسلام آباد میں منعقد ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران ہر ممکن صورتحال کے لیے تیار ہے، اور امریکا کی جانب سے کسی بھی اقدام کا جواب دینے کو تیار ہے۔
ایران کی پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر لڑائی دوبارہ شروع ہوئی تو دشمن کے اثاثوں کو تباہ کن ضربیں دی جائیں گی۔ پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی نئی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے مہر نیوز کے مطابق پاسداران انقلاب نے جنگ بندی کو ‘نام نہاد’ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ دشمن کی سرگرمیوں پر نظر رکھنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ ایران نے کسی فوجی جارحیت کا آغاز نہیں کیا، جبکہ پاسداران انقلاب نے جنگ بندی کے دوران چوکسی برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔













