ایچ ای سی نے بلااجازت نئی یونیورسٹیوں کے قیام پر فوری پابندی عائد کردی، غیرمعیاری تعلیم اور سہولیات کی کمی اہم وجوہات۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ملک بھر میں بلااجازت نئی یونیورسٹی یا سب کیمپس کے قیام پر فوری پابندی عائد کردی گئی۔
ایچ ای سی نے نئی یونیورسٹیوں کے قیام سے متعلق اہم فیصلہ کیا ہے، وائس چانسلرز اور سربراہان کو خط لکھ کر مطلع کیا ہے کہ اجازت اور سکروٹنی کے بغیر کوئی ذیلی کیمپس یا یونیورسٹی نہیں بنائی جائے گی۔
خط میں بتایا گیا ہے کہ ایچ ای سی کوئی این او سی یا ایکریڈیٹیشن نہیں دے گا اور نہ ہی ڈگریوں کی تصدیق کرے گا، تمام جامعات کو پالیسی پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
فیصلے کی وجوہات میں غیرمعیاری تعلیم، اہل اساتذہ کی کمی، سہولیات کی عدم موجودگی اور کمزور انفراسٹرکچر شامل ہیں۔ تحصیل کیمپسز میں پی ایچ ڈی اساتذہ اور طلبہ کی کمی پر تشویش ظاہر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ایچ ای سی نے اساتذہ کی بھرتیوں اور تعمیراتی سرگرمیوں کو فوری روکنے کا حکم دیا ہے، خلاف ورزی کی صورت میں کیمپس اور پروگرامز کی منظوری معطل ہوسکتی ہے۔















