علی اکبر ولایتی نے دشمن کی کسی بھی شرارت پر بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی حفاظت ایران کے ہاتھ میں ہے۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ دشمن کی کسی بھی شرارت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں واضح کیا کہ بیرونی طاقتوں کا ہم پر اپنی مرضی مسلط کرنے کا دور ختم ہوچکا ہے۔
علی اکبر ولایتی نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کی حفاظت ایران کے ہاتھ میں ہے، جبکہ باب المندوب کا کنٹرول انصار اللہ کے پاس ہے۔ انہوں نے دشمن کو خبردار کیا کہ کسی بھی غلط حرکت کا سخت جواب دیا جائے گا۔
مشیر ایرانی سپریم لیڈر نے پیرس اجلاس کو تماشا قرار دیتے ہوئے برطانیہ اور فرانس کو مداخلت سے باز رہنے کی تنبیہ کی۔ انہوں نے دونوں ممالک کو اپنے سمندری راستوں کی فکر کرنے کا مشورہ دیا۔
علی اکبر ولایتی نے تہران کے حوالے سے اسپین کے مؤقف کو سراہا اور ان کی حمایت پر تشکر کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی تعلقات میں مثبت رویے کو اہمیت دینی چاہیے۔
یاد رہے کہ ایران کی علاقائی سیاست میں آبنائے ہرمز اور باب المندوب کے راستے اہم ہیں، جہاں سے عالمی تجارت کے بڑے حصے کا گزر ہوتا ہے۔












