پاکستان میں ایچ آئی وی کے متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 70 ہزار تک پہنچ گئی، ماہرین نے خبردار کیا کہ یہ مرض عام آبادی میں بھی پھیل رہا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان میں ایچ آئی وی کے متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 70 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ ایچ آئی وی مخصوص گروپس سے نکل کر عام آبادی میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور 79 فیصد پاکستانیوں کو اس مرض کے بارے میں علم نہیں۔
سابق وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ بچوں میں بڑھتے کیسز نظام صحت کی ناکامی کو ظاہر کرتے ہیں۔ ڈاکٹر قائد سعید کے مطابق غیر محفوظ انجیکشنز اور آلودہ خون اس پھیلاؤ کی بنیادی وجوہات ہیں۔
ماہرین صحت نے بلڈ بینکوں کی نگرانی اور خون کی مکمل اسکریننگ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غیر محفوظ انجیکشنز کے خاتمے اور انفیکشن کنٹرول کو مؤثر بنانا لازمی ہے ورنہ صورتحال بگڑ سکتی ہے۔
محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں ایچ آئی وی مریضوں کے اعدادوشمار دستیاب نہیں۔ بینظیر بھٹو اسپتال کا ایچ آئی وی سینٹر بھی غیرفعال ہے، وہاں کوئی ڈاکٹر تعینات نہیں۔
واضح رہے کہ ایچ آئی وی متاثرین میں 64 فیصد کیسز بالغ مردوں کے ہیں۔ وزیر صحت پنجاب نے کہا ہے کہ ایسے حساس معاملات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے اور کسی غلطی پر احتساب ہوگا۔















