ایران کی صورتحال پر سچویشن روم میں اہم اجلاس ہوا، ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایرانی حکام سے رابطہ کیا۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران کی صورتحال پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر صدارت سچویشن روم میں ایک اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس بھی شریک تھے، جو اسلام آباد ٹاکس میں امریکی وفد کی قیادت کر چکے ہیں اور آئندہ مذاکرات بھی انہی کی قیادت میں ہونے کا امکان ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق اجلاس میں آبنائے ہرمز سے متعلق نئی صورتحال اور ایران سے مذاکرات پر گفتگو ہوئی۔ صدر ٹرمپ نے ایک بار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایرانی حکام سے فون پر بات کی۔
یہ اجلاس ایسے وقت میں ہوا جب امریکا ایران جنگ بندی کی 15 روزہ مدت ختم ہونے والی ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ اسی ہفتے ڈیل متوقع ہے، لیکن مذاکرات کی نئی تاریخ ابھی طے نہیں کی جا سکی۔
واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس نے اس اجلاس سے متعلق ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ اجلاس میں نائب صدر کے علاوہ امریکی وزیر خارجہ، وزیر جنگ اور وزیر خزانہ بھی شریک تھے۔











