فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کے دورہ میں مکالمے اور کشیدگی میں کمی پر زور دیا، خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کی عکاسی کی۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا ایران کا 3 روزہ سرکاری دورہ مکمل ہوگیا۔ انہوں نے مکالمے اور کشیدگی میں کمی پر زور دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عاصم منیر نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور وزیر خارجہ سے بھی الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں۔ خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی سے بھی ملاقات کی۔
ملاقاتوں میں خطے میں پائیدار امن اور سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ جاری سفارتی کوششوں اور علاقائی استحکام پر غور کیا گیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مکالمے اور کشیدگی میں کمی پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے ایرانی قیادت اور عوام کی جانب سے پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے صدر پاکستان، وزیر اعظم اور پاکستانی عوام کی جانب سے نیک تمنائیں ایرانی قیادت تک پہنچائیں۔ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا۔
واضح رہے کہ دورہ مشرق وسطیٰ کے تنازع کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوششوں کا عکاس ہے۔ یہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔











