اکثر افراد رات کو جاگنے کی وجوہات میں کمرے کی روشنی، شور یا انزائٹی شامل ہیں۔ تحقیق کے مطابق امریکا میں ایک تہائی افراد ہفتے میں 3 بار آدھی رات کو جاگتے ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اکثر افراد رات کو اچانک جاگ جاتے ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق امریکا میں ایک تہائی افراد ہفتے میں 3 بار آدھی رات کو جاگتے ہیں، جن میں سے 40 فیصد دوبارہ سونے میں مشکلات محسوس کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق کمرے کے درجہ حرارت، روشنی یا شور کی وجہ سے نیند متاثر ہو سکتی ہے۔ کچھ لوگوں میں انزائٹی (Anxiety) کی وجہ سے بھی نیند متاثر ہوتی ہے۔ اس کے علاج کے لیے ڈاکٹر سے مشاورت ضروری ہے۔
سلیپ اپنیا (Sleep Apnea) کے مریضوں کی نیند کے دوران سانس رک جاتی ہے، جس سے خراٹے اور طبی پیچیدگیاں بڑھتی ہیں۔ کھانے کے وقت کی بے قاعدگی بھی نیند پر اثر ڈال سکتی ہے، لہذا سونے سے 2 سے 3 گھنٹے قبل کھانے کی عادت بنائیں۔
بعض افراد مثانے کے بڑھتی حرکت یا زیادہ پانی پینے کی وجہ سے بھی جاگ جاتے ہیں۔ ذیابیطس کے مریضوں میں یہ مسئلہ عام ہے، خاص طور پر جب خون میں شوگر لیول کنٹرول میں نہ ہو۔
یاد رہے کہ بے خوابی نیند کا عام عارضہ ہے، جس کی متعدد وجوہات ہو سکتی ہیں۔ روزانہ سونے اور جاگنے کا وقت مقرر کریں اور دوپہر کو سونے سے گریز کریں تاکہ نیند کا تسلسل برقرار رہے۔















