حکومت نے جانوروں پر ظلم کی روک تھام کے لیے کمیٹی قائم کردی، جس کی قیادت ڈاکٹر مصدق ملک کریں گے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حکومت نے جانوروں پر ظلم کی روک تھام کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کردی ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت ماحولیاتی تبدیلی نے کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ اس کمیٹی کی سربراہی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کریں گے جبکہ وزیر مملکت برائے داخلہ، ماحولیاتی کارکن اور دیگر شخصیات بھی اس کا حصہ ہوں گی۔
کمیٹی کا مقصد جانوروں کے تحفظ کے لیے قانونی اور ادارہ جاتی اقدامات کو مضبوط بنانا ہے۔ اس کے علاوہ غیر قانونی جنگلی حیات کی تجارت اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات تجویز کرنا بھی اس کی ذمہ داری ہوگی۔
کمیٹی کو بے گھر جانوروں کی دیکھ بھال کے منصوبے بھی پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزارت ماحولیاتی تبدیلی کمیٹی کو سیکرٹریٹ سپورٹ فراہم کرے گی۔
یاد رہے کہ کمیٹی کو اپنی سفارشات 27 اپریل 2026 تک پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔















