عامر سہیل نے اعتراف کیا کہ افغانستان میں فتنہ الخوارج کو افغان طالبان کی مدد حاصل ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) فتنہ الخوارج کے گرفتار سرغنہ عامر سہیل عرف مولوی حیدر نے اعترافی بیان میں کہا ہے کہ افغانستان میں فتنہ الخوارج کے مراکز کو افغان طالبان کی مدد حاصل ہے۔
گرفتار دہشت گرد نے انکشاف کیا کہ وہ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے سے متاثر ہو کر فتنہ الخوارج میں شامل ہوا۔ اس نے بتایا کہ اسے افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں دہشت گردی کی تربیت دی گئی۔
عامر سہیل نے مزید بتایا کہ فتنہ الخوارج کو افغان طالبان کی مکمل پشت پناہی حاصل تھی، جبکہ دیگر شدت پسند تنظیموں، بشمول داعش اور القاعدہ کے ساتھ بھی روابط تھے۔
گرفتار دہشت گرد نے کہا ہے کہ غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں، خصوصاً بھارتی ایجنسی ‘را’ نے مالی معاونت فراہم کی۔
واضح رہے کہ عامر سہیل پشاور میں علاج کی کوشش کے دوران گرفتار ہوا، اور اس کے نیٹ ورک میں 20 سے زائد افغان شہری شامل تھے جو پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث رہے ہیں۔














