اویس لغاری نے کہا کہ ڈیزیل کے پلانٹس بجلی کی کمی کو پورا کر سکتے ہیں، لیکن اس سے قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان میں بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ڈیزیل کے پلانٹس چلائے جا سکتے ہیں، تاہم اس سے عوام پر قیمتوں کا بوجھ بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بات ایک پریس کانفرنس میں کہی، جہاں انہوں نے لوڈشیڈنگ کے مسائل پر روشنی ڈالی۔
اویس لغاری نے آج رات سے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات سے آج رات بجلی فراہمی بہتر ہوجائے گی۔
اویس لغاری نے مزید بتایا کہ گیس کی کمی کے باعث 2500 میگاواٹ کا شارٹ فال ہے، جبکہ پانی کی کمی کی وجہ سے پن بجلی کی پیداوار میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران امریکا جنگ کی وجہ سے گیس کی سپلائی متاثر ہو رہی ہے، جس کے باعث مسائل بڑھ رہے ہیں۔
اویس لغاری نے کہا کہ جب طلب 16 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرتی ہے تو گیس پاور پلانٹس کی ضرورت پڑتی ہے، موجودہ حالات میں طلب کبھی 18 ہزار تو کبھی 20 ہزار میگاواٹ تک پہنچ جاتی ہے، جس سے لوڈشیڈنگ بڑھ جاتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات جاری ہیں تاکہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کنٹرول کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بجلی کی فراہمی جاری ہے اور وہاں لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی۔
واضح رہے کہ یکم اپریل سے درآمدی گیس کی بندش کے باعث مشکلات میں اضافہ ہوا ہے، اور موجودہ حالات میں 4 ہزار میگاواٹ کی بجلی کی کمی کا سامنا ہے جس کے حل کیلئے مختلف اسٹریٹجی اپنائی جا رہی ہیں۔














