اسلام آباد ہائیکورٹ نے درختوں کی کٹائی پر توہین عدالت کا بڑا حکم جاری کر دیا، درخت کاٹنے پر سزا ہوگی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں درختوں کی کٹائی پر توہین عدالت کا بڑا حکم جاری کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ درختوں کی کٹائی کے خلاف کیس میں سنایا گیا۔
عدالت نے سماعت کے دوران حکم دیا کہ اگر اسلام آباد کی حدود میں کوئی درخت کاٹا گیا تو اسے توہین عدالت سمجھا جائے گا۔ کیس کی سماعت جسٹس خادم حسین سومرو نے کی۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے کیس کے دوران سی ڈی اے (CDA) کے وکیل کو تنبیہ کی کہ کسی بھی افسر کی جانب سے درختوں کی کٹائی میں ملوث ہونے پر توہین عدالت کی سزا دی جائے گی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر مستند انوائرمینٹل ایکسپرٹ کو پیش ہونے کی ہدایت دی ہے اور سی ڈی اے کو کہا کہ وہ اپنے دلائل پیش کریں تاکہ کیس کا فیصلہ ہو سکے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج نے شہر کی خوبصورتی کے لیے درختوں کی اہمیت پر زور دیا ہے اور کراچی کی مثال دیتے ہوئے شہر کی حالت کو بہتر رکھنے کی ضرورت پر توجہ دلائی۔














