امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کے ساتھ جامع ڈیل کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ مذاکرات کا ایک اور دور جلد اسلام آباد میں متوقع ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور صدر ٹرمپ چھوٹی نہیں بلکہ جامع ڈیل کے خواہاں ہیں۔
وینس نے یونیورسٹی آف جارجیا میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 49 برس میں امریکہ اور ایران کے درمیان اس سطح کے مذاکرات نہیں ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 49 سال کا عدم اعتماد ایک رات میں ختم نہیں ہو سکتا اور ایرانی جانتے ہیں کہ صدر ٹرمپ نے مجھے نیک نیتی سے بھیجا ہے۔
جے ڈی وینس نے پاکستان میں کہا کہ اگرچہ پیشرفت ہوئی ہے لیکن ابھی تک جامع ڈیل نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیل ایسی ہونی چاہیے کہ ایران نیوکلیئر ہتھیار حاصل نہ کرے اور ریاستی دہشت گردی نہ کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ ایران ڈیل امریکہ اور دنیا کے لیے عظیم ہو، اور ایرانی عوام عالمی معیشت کا حصہ بن سکیں۔ اگر ایران نارمل بنے تو امریکہ اقتصادی طور پر نارمل ملک جیسا برتاؤ کرے گا۔
واضح رہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور جلد اسلام آباد میں ہونے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ مشاہد حسین سید کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان بھی پاکستان آئیں گے۔













