وزیراعظم شہباز شریف جلد سعودی عرب اور ترکیہ کا دورہ کریں گے، علاقائی امور پر اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جلد سعودی عرب اور ترکیہ جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ متوقع ملاقات میں امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور کشیدگی کم کرنے کے امکانات پر گفتگو ہوگی۔ مستقل جنگ بندی اور امن کے قیام سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ سفارتی کوششوں پر بھی بات چیت ہوگی۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کے دورے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کا بھی دورہ کریں گے، جہاں علاقائی امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔













