جام کمال خان کی ڈیری مصنوعات پر جی ایس ٹی کم کرنے کی ہدایت

جام کمال خان نے ڈیری مصنوعات پر جی ایس ٹی 18 فیصد سے کم کرکے 10 فیصد کرنے کی ہدایت دی، جس سے صارفین کو بڑا ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
جام کمال خان، ڈیری مصنوعات پر جی ایس ٹی کم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ڈیری مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) 18 فیصد سے کم کر کے 10 فیصد کرنے کی تجویز دی ہے، جس سے صارفین اور ڈیری شعبے کو بڑا ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

پیر کے روز پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں وزیر تجارت نے ڈیری سیکٹر کو درپیش مسائل، خاص طور پر ٹیکس اور ٹیرف سے متعلق چیلنجز پر فوری توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت رانا احسان افضل اور وزارت کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وفد نے بتایا کہ پاکستان میں ڈیری مصنوعات پر 18 فیصد جی ایس ٹی ہے، جبکہ دنیا کے کئی ممالک میں ان پر ٹیکس نہیں یا بہت کم ہے۔ وزیر تجارت نے ایسوسی ایشن سے کہا کہ ٹیکس کو 10 فیصد تک لانے کے لیے جامع سفارشات تیار کریں۔

جام کمال خان نے کہا کہ ڈیری شعبے کی ترقی کے لیے مویشیوں کی بہتر نسل، کسانوں کی تربیت اور شعبے کو باقاعدہ کاروباری نظام میں لانا ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مناسب جینیاتی بہتری کے بغیر دودھ کی پیداوار میں اضافہ ممکن نہیں۔

یاد رہے کہ اجلاس میں کسانوں کے لیے مالی معاونت، بینکاری سہولیات، صرف معیاری اور پیک شدہ دودھ کی فروخت کو یقینی بنانے، اور بڑے شہروں میں پائلٹ منصوبے شروع کرنے کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ایک جامع حکمت عملی تیار کی جائے گی تاکہ ڈیری شعبے کو مستحکم بنایا جا سکے۔

دیگر متعلقہ خبریں