نادرا نے والدین کے لیے گھر بیٹھے ب فارم بنانے کی اجازت دے دی۔ پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے یہ عمل مزید آسان ہو گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نادرا نے والدین کے لیے گھر بیٹھے ب فارم بنانے کی سہولت فراہم کر دی ہے۔ اب والدین پاک آئی ڈی ایپلیکیشن کے ذریعے ب فارم حاصل کر سکیں گے۔
نادرا کے نئے ضوابط کے مطابق، پیدائش سے تین سال کی عمر تک کے بچوں کے ب فارم کے لیے تصویر کی ضرورت نہیں ہوگی۔ تاہم، تین سال کی عمر کے بعد ب فارم کے لیے تصویر لازمی ہوگی۔
دس سال سے اٹھارہ سال کی عمر تک کے بچوں کے ب فارم کے لیے تصویر، فنگر پرنٹس اور آئرس (Iris) کے ذریعے نادرا کے بائیومیٹرک تصدیقی نظام سے تصدیق کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
والدین کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے امتحانات کے لیے ب فارم طلب کرتے ہیں۔ اب وہ نادرا کے سنٹرز کے ساتھ ساتھ موبائل ایپ پاک آئی ڈی کے ذریعے گھر بیٹھے بھی ب فارم بنوا سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ ب فارم تعلیمی مقاصد کے لیے ضروری ہوتا ہے، اور نادرا کی یہ نئی سہولت والدین کو وقت کی بچت اور آسانی فراہم کرے گی۔















