اسحاق ڈار نے ایران اور امریکا کے درمیان مکالمے میں پاکستان کے کردار پر زور دیا۔ مذاکرات 24 گھنٹے تک جاری رہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ فریقین جنگ بندی کو برقرار رکھیں گے۔ پاکستان، ایران اور امریکا کے درمیان مکالمے کو فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد میں ایران اور امریکا مذاکرات کے حوالے سے میڈیا بریفنگ میں اسحاق ڈار نے کہا کہ انہوں نے اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دونوں فریقین کے درمیان سخت لیکن تعمیری مذاکرات میں ثالثی کا کردار ادا کیا۔ مذاکرات گزشتہ 24 گھنٹوں تک جاری رہے اور آج صبح اپنے اختتام کو پہنچے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے دونوں فریقین کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے جنگ بندی کے حصول اور ثالثی میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ دونوں جانب سے اسی مثبت جذبے کے ساتھ پیش رفت جاری رہے گی تاکہ پورے خطے اور اس سے آگے پائیدار امن اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ ایران اور امریکا نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے خطے میں فوری جنگ بندی کی اپیل پر مثبت ردعمل دیا، اور اسلام آباد میں امن مذاکرات کے لیے وزیرِاعظم کی دعوت قبول کی۔











