وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے اعلان کیا کہ کوریج کے لیے دنیا بھر سے 50 صحافی پاکستان پہنچ چکے ہیں، جنہیں جناح کنونشن سینٹر میں خصوصی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایران اور امریکہ کے صحافیوں کے لیے ویزا آن ارائیول کا اعلان کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سے کوریج کے لیے صحافی پاکستان پہنچ رہے ہیں اور اب تک تقریباً 50 صحافی ملک میں آ چکے ہیں۔
وزیر اطلاعات کے مطابق چین، سعودی عرب، جاپان، جرمنی اور کوریا کے صحافیوں نے ویزا کے لیے درخواستیں دی ہیں۔ وزارت اطلاعات نے جناح کنونشن سینٹر میں ان کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کی ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ صحافیوں کے لیے ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ، پرنٹرز، کمپیوٹرز اور اسکرینز نصب کی گئی ہیں۔ جناح کنونشن سینٹر ریڈ زون کے قریب ہونے کے باعث صحافی باآسانی کوریج کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت نے تمام سہولیات ایک ہی جگہ فراہم کی ہیں تاکہ صحافیوں کو کوریج کے دوران کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔ غیر ملکی صحافیوں کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا جاتا ہے۔














