وزیراعلیٰ مریم نواز نے وساکھی میلے کے موقع پر سکھ یاتریوں کو مبارکباد دی، بہترین انتظامات کی یقین دہانی کرائی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وساکھی میلے کے موقع پر سکھ یاتریوں کو جی آیاں نوں کہتے ہوئے مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وساکھی میلے میں ہر چہرہ خوشی اور محبت کے رنگوں سے چمک رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب میں آئے سکھ یاتریوں کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ ان کی آمد و رفت، قیام و طعام اور سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
مریم نواز نے بتایا کہ سکھ مہمانوں کے لیے پہلی بار ائیر کنڈیشنڈ مارکیز اور لگژری گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
یاد رہے کہ پنجاب کے تہوار موسموں اور فصلوں سے منسلک ہوتے ہیں۔ وساکھی گندم کی کٹائی کا جشن ہے اور یہ پنجاب کی ثقافت کا اہم حصہ ہے۔
خیال رہے کہ لوہڑی کماد کی کٹائی کے جشن کے طور پر منایا جاتا ہے، جو پنجاب کی خوشی اور تہذیب کی عکاسی کرتا ہے۔














