امریکی کمپنی نے فیفا ورلڈ کپ کی کٹس میں ڈیزائن خرابی کی تحقیقات شروع کی ہیں۔ کئی ٹیموں کی شرٹس میں ابھار نظر آئے تھے۔
لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکا کی معروف اسپورٹس برانڈ کمپنی نے فٹبال ورلڈ کپ سے قبل مختلف قومی ٹیموں کی جرسیوں میں ڈیزائن مسئلے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
گزشتہ ماہ انٹرنیشنل میچز کے دوران انگلینڈ، فرانس اور یوراگوئے سمیت کئی ٹیموں کی شرٹس کے کندھوں کے قریب ابھار نظر آئے تھے، جس پر شائقین نے تشویش ظاہر کی۔
کمپنی کے ترجمان نے کہا ہے کہ کٹس میں معمولی مسئلہ ہے، جس سے کھلاڑیوں کی کارکردگی متاثر نہیں ہوتی، مگر مجموعی خوبصورتی توقعات کے مطابق نہیں ہے۔
یہ مسئلہ میچ کے دوران استعمال ہونے والی شرٹس اور شائقین کے لیے فروخت کی جانے والی جرسیوں میں بھی موجود ہے، جو باعث تشویش ہے۔
واضح رہے کہ امریکی کمپنی اس ورلڈ کپ میں امریکا، کینیڈا، برازیل، نیدرلینڈز اور کروشیا سمیت کئی بڑی ٹیموں کی کٹس تیار کر رہی ہے۔















