مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر صدر آصف زرداری نے اجلاس طلب کیا، وزیراعظم اور عسکری قیادت شریک ہوں گے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور پاکستان کی ثالثی کے حوالے سے صدر آصف علی زرداری نے آج اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، اہم وفاقی وزراء، اعلیٰ عسکری قیادت اور وزرائے اعلیٰ کی شرکت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جنگی صورتحال اور اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ خلیجی ممالک پر حملوں کی صورتحال بھی زیر غور آئے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار چار ملکی وزرائے خارجہ اجلاس پر اعتماد میں لیں گے۔ ملک میں پیٹرولیم ذخائر اور ترسیل کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ کفایت شعاری پالیسی پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں موٹر سائیکل اور رکشا ڈرائیورز کو سبسڈی دینے سے متعلق فیصلے متوقع ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا ہے۔
واضح رہے کہ چار ملکی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں خطے میں کشیدگی کی صورتحال اور جنگ بندی سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی ہے۔











